کنیا کماری،2 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ونگ کمانڈرابھے نندن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر ہندوستانی کو ان پر فخر ہے۔ مودی نے مسلح افواج پر شک کرنے کے لئے اپنے سیاسی حریفوں کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ اس سے پاکستان کو مدد ملی ہے۔ مودی نے 26 نومبر 2008 کو ممبئی میں ہوئے حملوں کے بعد سرجیکل اسٹرائیک کو مبینہ طور پر ’متاثر ‘کرنے پر کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی تنقید کی ۔ یہاں کئی سرکاری منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد مودی نے کہا کہ:’ مجھے فخر ہے کہ بھارت کی پہلی خاتون وزیر دفاع نرملا جی تمل ناڈو سے تعلق رکھتی ہیں، ہر ہندوستانی کو فخر ہے کہ بہادر ونگ کمانڈر ابھے نندن بھی تمل ناڈو سے ہیں۔ مودی نے کہا کہ گزشتہ دو دن کے واقعات نے ایک بار پھر ملک کی مسلح افواج کی طاقت کو ظاہر کیا ہے۔ شاید وہ ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے کئے گئے فضائی حملوں کو انجام دینے اور فضائیہ کی طرف سے ایک پاکستانی لڑاکا طیارے کو مار گرانے کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ مبینہ طور پر عوام کی طرف سے ابھے نندن اور مسلح فورسز کو مل رہی حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارا ملک بھی کافی قریب آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دکھ کی بات ہے کہ کچھ سیاسی پارٹیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری ایکشن پر شک کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک جب ملک کی مسلح افواج کی حمایت کر رہا ہے ، تو وہ مسلح افواج پر شک کر رہے ہیں۔مودی نے کہاکہ یہ وہی لوگ ہیں جن کے بیانات پاکستان کی مدد کر رہے ہیں اور بھارت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وہ وہی لوگ ہیں جن کے بیانات کا حوالہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور پاکستانی میڈیا میں دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں واضح کرنا چاہئے کہ وہ ہمارے مسلح افواج میں یقین کرتے ہیں یا ہماری سرزمین پر دہشت گردی کی حمایت کرنے والی قوتوں پر یقین کرتے ہیں؟۔مودی نے کہا کہ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں ۔ مودی تو آئے گا ،جائے گا، لیکن بھارت رہے گا۔ اپنی سیاست کو مضبوط کرنے کے لئے براہ مہربانی بھارت کو کمزور کرنا بند کریں۔مودی نے کہا کہ ملک امید کر رہا تھا کہ دہشت گردی کے ان کارروائیوں کے لئے ذمہ دار لوگوں کو سزا ملے گی، لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔ 26/11 (ممبئی دہشت گردانہ حملے) بھارت میں ہوا، لیکن کچھ نہیں ہوا۔خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ 26/11 حملوں کے بعد بھارتی فضائیہ سرجیکل اسٹرائیک کرنا چاہتی تھی، لیکن یو پی اے نے اس میں اڑنگا لگادیا۔